اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے بیان پر ردعمل دے دیا۔اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ وزیر مملکت وضاحت کریں کہ ستائیسویں آئینی ترمیم سیاسی اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت کے بل بوتے پر کیوں منظور کی گئی؟
شازیہ مری نے کہا کہ نظام کی ناکامی، سیاسی ری سیٹ یا صوبوں کی تقسیم کی بات ہم نے نہیں کی، یہ بات انہوں نے کی ہے، ہم نے صرف اپنی رائے دی ہے، کیا اب اظہار رائے پر بھی پابندی ہے؟ کیا یہ بھی ہمارا حق نہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں بولنے کا حق صرف حکومت کا نہیں بلکہ اپوزیشن کا بھی ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا بنیادی حق ہے، کوئی جرم نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری آئین کی بالادستی کا مطالبہ کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کسی سیاسی رعایت یا خصوصی مراعات کی خواہاں نہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ وزراء دوسروں کو پارلیمانی جمہوریت کا درس دینے سے پہلے بتائیں کہ اپوزیشن کو پارلیمان میں اس کی جائز نمائندگی اور آواز سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے؟ اگر اٹھارہویں آئینی ترمیم اتنا بڑا تاریخی کارنامہ ہے تو وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری اور صوبوں کے آئینی مالی حقوق پر سوالات کیوں اٹھا رہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جوڑ توڑ یا غیر آئینی راستوں سے صوبوں کی تقسیم پر یقین نہیں رکھتی، نئے صوبوں کا قیام صرف آئینی طریقہ کار اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
شازیہ مری نے کہا کہ وزیر مملکت وضاحت کریں کہ سندھ کے عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیر صوبے کی تقسیم کی بات کیوں کی جا رہی ہے؟ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ آئینی طریقے سے سندھ کی تقسیم کو مسترد کر چکی ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ نظام خودبخود نہیں گرا بلکہ جمہوری اداروں کو کمزور کرنے والوں نے اسے اس نہج تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کے لیے خصوصی رعایت نہیں مانگ رہی بلکہ مطالبہ کر رہی ہے کہ سیاسی قیدیوں، پارلیمانی نمائندگی اور جمہوری حقوق کو آئین پاکستان کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سندھ وفاق کو تقریباً 585 ارب روپے کی اضافی مالی معاونت فراہم کرتا ہے، اس کے باوجود وفاقی حکومت صوبے کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتی ہے، سندھ کی حکمرانی پر لیکچر دینے سے پہلے وزیر مملکت وفاق کی جانب سے صوبوں کے مالی اور آئینی حقوق پورے نہ کرنے پر جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے وسائل لے کر، صوبائی خودمختاری کو کمزور کرکے اور پھر ہر انتظامی مسئلے کا ذمہ دار صوبوں کو قرار نہیں دے سکتی۔
ترجمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان سے سیاسی مکالمے اور سیاسی نظام میں بہتری کے لیے نئے راستے کی بات کی ہے، حکومت ذاتی حملوں کے بجائے جمہوری مکالمے کا جواب دے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ آئین کوئی سیاسی نعرہ نہیں کہ جب چاہا استعمال کر لیا اور جب اپنے مفاد کے خلاف ہوا تو اسے نظرانداز کر دیا، وزیر مملکت ذاتی حملوں اور سیاسی تمثیلوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے آئینی مؤقف کا جواب دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان کی بالادستی، صوبائی خودمختاری، آئینی جمہوریت اور پاکستان کے عوام کے حقوق پر یقین رکھتی ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ عوام کے مسائل پر توجہ دینے پر زور دیا ہے، وہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ہمارا مسئلہ ہیں، ایک دوسرے سے سیاسی انتقام لینا نہیں۔









