اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے میں شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فتنہ الخوارج اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔
جمعہ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے پرانا پولیس لائن میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اوراس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات بارے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعظم نے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔









