اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے اس موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، حکومتِ قطر اور برادر عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دور اندیش قیادت، قطر کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور خطے میں امن اور تعاون کے فروغ کے لیے ان کے اہم کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدرآصف علی زرداری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان، حکومتِ قطر اور برادر عوام کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔









