آصف علی زرداری 12

صدر زرداری کی جانب سے ملائیشیا کے سلطان ابراہیم کو ملائیشیا کے یوم آزادی پر مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے69ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملائیشیا کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ملائیشیا کے بادشاہ، سلطان ابراہیم کے نام اپنے تہنیتی خط میں صدرِ مملکت نے کہا کہ یومِ آزادی ملائیشیا کی آزادی کے تاریخی لمحات کو اجاگراور اس کے بانیان کی بصیرت، ملکی قیادت اور عوام کی لگن و عزم کا اظہار ہے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا مشترکہ اقدار، مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر قریبی اور دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون تجارت اور سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعاون دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں مزید فروغ پائے گا۔انہوں نے ملائیشیا کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملائیشیا کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے تسلسل کی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں