اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ صحت صرف حکومت یا ریاست کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد، ہر شعبے اور پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سلطانہ فاؤنڈیشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ایک مرحوم ڈاکٹر کی فلاحی و انسانی خدمات پر مبنی کام یقیناً صدقہ جاریہ ہیں جنہیں ان کے ساتھی اور شاگرد آج بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت صرف حکومت یا ریاست کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد، ہر شعبے اور پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت ایک نعمت ہے اور اس کے بغیر انسان نہ اپنی دینی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکتا ہے اور نہ ہی دنیاوی زندگی کو مؤثر طور پر گزار سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سٹاف اور نرسز مریض کے ساتھ سب سے زیادہ وقت گزارتے ہیں اس لیے ان کا ہمدردانہ رویہ مریض کی صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مریض کے ساتھ اچھا برتاؤ، نرمی سے بات کرنا اور اخلاق سے پیش ا?نا ایسی چیزیں ہیں جن پر کوئی مالی خرچ نہیں آتا لیکن ان کا اثر بہت گہرا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت کا شعبہ محض ایک نوکری نہیں بلکہ ایک خدمت اور مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ہیلتھ کیئر صرف ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج تک محدود نہیں بلکہ لوگوں کو بیماریوں سے بچانے، آگاہی فراہم کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دینے کا نام ہے۔ صحت ایک مشترکہ انسانی مسئلہ ہے اور حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، تاہم عوامی تعاون اور شعور کے بغیر یہ مقصد مکمل نہیں ہو سکتا۔








