کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں 13 جولائی 1931ء کے 22 شہدائے کشمیر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عظیم شہداء کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہیں، جنہوں نے حق، آزادی اور خودارادیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز کو طاقت، جبر اور ریاستی تشدد کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔
کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ایک ناقابلِ تنسیخ حق ہے، جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں بھی تسلیم کیا گیا ہے، اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے اور ہر سطح پر ان کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ? کشمیر کا منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل نہ صرف کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے بلکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں بھی ہونا چاہیے، کیونکہ یہی جنوبی ایشیا میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مسئلہ کشمیر پر اصولی اور دوٹوک مؤقف پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہا ہے،
جبکہ پارٹی نے ہر دور میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت کی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ایک دن ضرور آزادی، امن، انصاف اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول سے ہمکنار ہوگی۔ انہوں نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔









