لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز کو ڈینگی ہوگیا، شہباز شریف کی درخواست پر احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں ریفرنسز کی سماعت کے دوران شہبازشریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت ایسوسی ایٹ وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ کے وکیل امجد پرویز کو ڈینگی ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ بار بار اسپتال جا رہے ہیں۔اس موقع پر شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ میری عدالت سے درخواست ہے کہ 10 دن کا التوا دے دیں کیونکہ بدھ کو مشترکہ اجلاس ہے۔احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔