اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ یکم نومبر 1947 کا دن گلگت بلتستان کی تاریخ کا درخشاں باب ہے،گلگت بلتستان کے عوام نے بے مثال جرات، عزم اور قربانیوں سے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔اپنے تہنیتی پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت اور وابستگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے،تحریکِ آزادی میں حصہ لینے والے غازیوں اور شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے گلگت بلتستان کی تحریکِ آزادی کے غازیوں اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اپنی جغرافیائی اہمیت اور قدرتی وسائل کے باعث ایک ممتاز مقام رکھتا ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ گلگت بلتستان میں علاقائی تجارت اور سیاحت کے فروغ کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی اولین قومی ترجیحات میں شامل ہیں،گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی قومی دھارے میں بھرپور شمولیت یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،پارلیمان ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔سردار ایاز صادق نے گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








