اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ نے منشیات فروخت کرنے کے ملزم فرمان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کردی۔
دورانِ سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ ملزم کے خلاف چالان تاخیر سے کیوں جمع ہوا؟ کیا اتنی بڑی انکوائری تھی جو اتنا وقت لگ گیا؟سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم منشیات کی پڑیاں فروخت کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ اس پر سمگلنگ کا کوئی الزام نہیں، لیکن جسٹس شہزاد ملک نے ریمارکس دیے کہ منشیات کی برآمدگی پر سیکشن 9 سی لگ جاتا ہے، یہاں ضمانت کا کیس نہیں بنتا، انہوں نے مزید کہا کہ وکیل صاحب، آپ چاہے جتنی تقریر کر لیں، ضمانت نہیں ہو سکتی۔
دورانِ مکالمہ جسٹس شہزاد ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ آج کل آپ کے اشارے گردش میں ہیں، اس پر وکیل ریاست علی آزاد نے موکل کی درخواست واپس لے لی۔