سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ماتحت عدلیہ سندھ میں بھرتیوں کا جائزہ لینے کےلئے کمیٹی تشکیل دےدی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے سندھ کی ماتحت عدلیہ میں بھرتیوں کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی جب کہ عدالت نے رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو بھرتیوں کا تمام ریکارڈ پیش کرنیکا حکم دے دیا،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سماعت کی،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا بھرتیوں کیلیے نہ ٹیسٹ ہوئے نہ انٹرویوز ہوئے اور اشتہار کے بغیر بھی بھرتیاں ہوئیں،

عمر کی حد اور ڈومیسائل سے متعلق رولز نرم کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ماتحت عدلیہ کی بھرتیوں میں بڑے پیمانے پر رولز کی خلاف ورزیاں ہوئیں،بھرتیوں پر پورے سندھ میں شور مچا ہوا تھا،سندھ ہائیکورٹ نے سپروائزری کے دائرہ اختیار میں کیا ایکشن لیا۔رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے کہا ماتحت عدلیہ میں2000سے تقرریوں کا یہی طریقہ کار فالو کیا گیا ہے،عدالت عظمی نے سماعت یکم جنوری 2022تک ملتوی کردی ،