dr-farooq-afzal 25

سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت، پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل

لاہور، 7 جون(ہیلتھ ڈیسک سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور فیکلٹی ممبران نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ایک لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب گردی کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ، تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سفاکانہ اور غیر انسانی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے واقعے نے ملک بھر کی طبی برادری کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف شب و روز اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی جان بچانے اور انہیں معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ایسے حالات میں طبی عملے کو محفوظ، پُرامن ماحول کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ملک بھر میں بالخصوص خواتین ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانون سازی اور فول پروف سکیورٹی اقدامات وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں پوری طبی برادری ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی فراہمی تک اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ ڈاکٹر کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے، انہیں اس سانحے کے اثرات سے محفوظ رکھے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں