کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے جمشید کوارٹرز میں گھریلو تنازع پر خاتون زیب النسا کے قتل کے مقدمے میں ملزم بخت بلند کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی، جبکہ شریک ملزم بابر خان کی سہولتکاری کے الزام میں سزا کم کرکے جیل میں گزارا گیا عرصہ قرار دے دیا۔جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جمشید کوارٹرز میں گھریلو تنازع پر دہرے قتل کے مقدمے میں ملزمان بخت بلند اور بابر خان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔عدالت نے خاتون زیب النسا کے قتل کے جرم میں ملزم بخت بلند کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا، جبکہ ہارون کے قتل اور اقدام قتل کے الزامات سے اسے بری کردیا۔
عدالت نے غیر قانونی اسلحے کے مقدمے میں ملزم کی سزا برقرار رکھی۔عدالت نے شریک ملزم بابر خان کی سہولت کاری کے الزام میں سزا میں کمی کرتے ہوئے اسے جیل میں گزارے گئے عرصے تک محدود کردیا۔فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ ملزم بخت بلند اور مقتولہ زیب النسا کے درمیان ازدواجی تنازع، بچوں کے نان نفقے اور زیر التوا مقدمات وقوعے کا پس منظر ثابت کرتے ہیں۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزم بخت بلند اور یوسف رحمان نے 2021 میں گھریلو تنازع پر زیب النسا کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ انور کو زخمی کیا تھا۔ ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے مقتولہ کے بھائی ہارون کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزم بخت بلند کو مانسہرہ سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ شریک ملزم یوسف رحمان مقدمے میں مفرور ہے۔









