سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ کا شرجیل انعام میمن کی نیب تحقیقات کیخلاف درخواست پر نیب پراسیکیوٹر کو نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی نیب تحقیقات کیخلاف درخواست پر نیب پراسیکیوٹر کو نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

بدھ کوسندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی نیب تحقیقات کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل علی واحد ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ اطلاع ہے کہ نیب میرے موکل کیخلاف خفیہ انکوائری بھی کر رہا ہے۔

نیب سے پوچھا جائے میرے موکل کیخلاف کتنی انکوائریز ہیں۔ پراسیکیوٹر نیب شہباز سہوترا نے موقف اپنایا کہ شرجیل میمن تحقیقات سے متعلق رپورٹ پیش کرچکے۔ شرجیل میمن کیخلاف دو ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔ شرجیل میمن کیخلاف دو انکوائریز اور دو انوسٹی گیشن چل رہی ہیں۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے، شرجیل میمن کیخلاف کل کتنی انکوائریز چل رہی ہیں۔ عدالت نے شرجیل میمن کی درخواست پر سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔