سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے گھر جانے سے انکار پر بچوں کو شیلٹر ہوم واپس بھیجتے ہوئے سماعت 29 جنوری کے لیے ملتوی کردی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے شیخوپورہ کے شہری کی سیشن عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست پر بچوں کو شیلٹر ہوم واپس بھیجتے ہوئے سماعت 29 جنوری کے لیے ملتوی کردی۔

سندھ ہائیکورٹ میں شیخوپورہ کے شہری کی سیشن عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ بچوں نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ والد کا رویہ ظالمانہ رہا ہے، وہ ان سے بے رحمانہ سلوک اختیار کرینگے، والد کے ساتھ نہیں جانا چاہتے۔ عدالت نے انکار کے بعد بچوں کو شیلٹر ہوم واپس بھیجتے ہوئے سماعت 29 جنوری کے لیے ملتوی کردی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ 14 سالہ حسن اور 10 سالہ حنظلہ نے گھریلو ماحول کے باعث گھر چھوڑ دیا تھا۔ والد نے شیخو پورہ میں بچوں کے اغوا کا مقدمہ درج کرادیا۔ اطلاع ملنے پر پنجاب پولیس نے بچوں کو گلستان جوہر سے بازیاب کروالیا۔ پنجاب بھیجنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے 6 دسمبر کو راہداری ریمانڈ بھی دیدیا۔

تاہم حسن اور حنظلہ کی 21 سالہ بہن حمنہ نے مجسٹریٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی تھی۔ ڈسٹرکٹ جج نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے میں ترمیم کرتے ہوئے بچوں کو شیلٹر ہوم بھیج دیا۔والد شاہد اکرم نے سیشن عدالت کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی۔ عدالت نے والد کی درخواست پر دونوں بچوں کو عدالت طلب کرلیا۔ دونوں بچوں نے والد کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔