مراد علی شاہ 41

سندھ حکومت صوبے سے ملیریا کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن))وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ملیریا کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملیریا ایک قابلِ علاج مرض ہے اور احتیاطی تدابیر، بروقت تشخیص اور فوری علاج کے ذریعے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملیریا کو صرف عام بخار سمجھنا بڑی غلطی ہے کیونکہ غفلت برتنے کی صورت میں یہ مرض جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے.

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عالمی یومِ ملیریا منانے کا مقصد اس خطرناک بیماری کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنا، احتیاطی تدابیر سے آگاہی دینا اور اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے سے ملیریا کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھروں، گلی محلوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو سکے۔

وزیراعلی نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ نالیوں کی صفائی، جراثیم کش اسپرے اور صفائی ستھرائی کے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ بیماریوں کے پھیلا کو روکا جا سکے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کسی شہری میں ملیریا کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال یا صحت مرکز سے رجوع کیا جائے، جہاں سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ملیریا کی تشخیص اور علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مچھر دانیوں کے استعمال، جسم کو ڈھانپنے والے لباس پہننے اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ملیریا کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی اداروں، سول سوسائٹی، محکمہ صحت اور عوام کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ہیلتھ ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی نسلوں کو صحت مند اور ملیریا سے پاک ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئیں مل کر ملیریا کو شکست دیں اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں