فیصل بن فرحان 64

سعودی وزیر خارجہ کے بورڈ آف پیس کے تاسیسی منشور پر دستخط

ڈیووس (رپورٹنگ آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کونسل کے قیام کا خیرمقدم کرنے والے متعدد ممالک کے قائدین اور نمائندوں کی موجودگی میں مجلسِ سلام کے تاسیسی منشور پر دستخط کردیے.

یہ تقریب سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم 2026 کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی۔ سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے اس منشور پر دستخط صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کی کوششوں کا خیرمقدم کرنے اور بورڈ آف پیس کے مشن کی حمایت کے لیے مملکت کے عزم کی توثیق ہے ۔یہ بورڈ غزہ کی پٹی میں تنازع کے خاتمے کے لیے ایک عبوری ادارے کے طور پر اسی طرح کام کرے گا جیسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2803 میں منظور کیا گیا ہے۔ یہ اقدام غزہ کی تعمیرِ نو اور ایک ایسے عادلانہ و مستقل امن کی جانب پیش رفت کی حمایت کے لیے ہے جو خطے کے ممالک اور عوام کے لیے سلامتی اور استحکام کا ضامن ہو۔

گزشتہ روز سعودی عرب، ترکیہ، مصر، اردن، انڈونیشیا، پاکستان، قطر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے اپنے ممالک کے سربراہان کو امن بورڈ میں شمولیت کے لیے دی جانے والی دعوت کا خیرمقدم کیا تھا۔ وزرائے خارجہ نے بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کے اپنے ممالک کے مشترکہ فیصلے کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ ہر ملک اپنے متعلقہ قانونی اور دیگر ضروری طریقہ کار کے مطابق شمولیت کی دستاویزات پر دستخط کرے گا۔ مصر، پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ فیصلے کے اعلان سے قبل ہی اپنی شمولیت کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔

وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کی کوششوں کے لیے اپنے ممالک کی حمایت کا اعادہ کیا اور امن بورڈ کے مشن پر عمل درآمد میں تعاون کے عزم کو دہرایا ۔ اس بورڈ کا مقصد مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانا، غزہ کی تعمیرِ نو کی حمایت کرنا اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کی ریاست کے قیام پر مبنی عادلانہ و دیرپا امن کی طرف پیش رفت کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں