ضیا الحسن لنجار 16

سعود آباد سے اغواء ہونے والا 11 سالہ بچہ 9 گھنٹوں میں بازیاب، وزیر داخلہ سندھ کی کورنگی پولیس کو شاباش

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سعود آباد سے اغواء ہونے والے 11 سالہ بچے کو صرف 9 گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب کرنے پر ایس ایس پی کورنگی اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کارروائی کو پیشہ ورانہ صلاحیت کا بہترین مظہر قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کورنگی پولیس کی بروقت حکمت عملی، گاڑی کی فوری ٹریسنگ، ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل شواہد کے مؤثر استعمال سے مغوی بچے کی بحفاظت بازیابی ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے محدود وقت میں ملزمان کا گھیرا تنگ کر کے بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا، جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے فرار ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اغوا جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغوی بچے کی بحفاظت بازیابی باعث اطمینان ہے اور سندھ پولیس نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت دیا ہے، جبکہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے والی پولیس فورس کی ہر اچھی کارکردگی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں