اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنوں میں مسافر گاڑی کے قریب دہشتگرد دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے، دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے افراد کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلدی صحتیابی کیلئے دعاء کی اور کہاکہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔









