بیرسٹر عقیل ملک 32

سرحد پار دہشتگردی کو روکنے کی ذمہ داری افغانستان کی ہے،بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ استنبول مذاکرات کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی نے پاکستان کے موقف کو ثابت کیا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ دنوں سے پاکستان نے اہم بات چیت کے دوران افغانستان سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے روکنے اور ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں بالخصوص فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے اپنے واحد نکاتی مطالبہ پر توجہ مرکوز کی۔ بیرسٹر عقیل نے کہا کہ مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد دلائل اور شواہد کے ساتھ ڈٹا رہا۔

انہوں نے ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اعلامیہ اس حقیقت کے بارے میں واضح ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کو روکنے کی ذمہ داری افغانستان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے اقدامات کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں