سلیم حیدر خان 28

زرعی ٹیکس کسانوں پربہت بڑا ظلم ، اصلاحات لانے کی ضرورت ہے’گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب سرار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ،تسلسل اور استحکام میں وکلا برادری کا کردار اہم ہے، وکلاء سائلین کے لئے انصاف کی فراہمی آسان بنائیں، ٹیکس چوری کی روک تھام کے لئے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے، کسانوں پر زرعی ٹیکس بہت بڑا ظلم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے کہا کہ وکلاء برادری کی جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد اور قربانیاں تاریخی اہمیت رکھتی ہیں۔

وکلاء برادری کا انصاف کے حصول میں اہم کردار ہے۔ وکلاء کو چاہئے کہ وہ سائلین کے لیے انصاف کی فراہمی آسان بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس بار وکلاء معاشرے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ٹیکس بار وکلا اپنے کلائنٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ٹیکس چوری کی روک تھام کے لئے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہاکہ زراعت کے شعبے پر توجہ دے کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔زرعی ٹیکس کسانوں پربہت بڑا ظلم ہے، اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وکلانے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے وکلاء کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

وفدمیں عظیم حفیظ سیکرٹری اطلاعات پی ایل ایف پنجاب، شکیل پاشا اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، شہزادہ عرفان اسسٹنٹ اٹارنی جنرل چوہدری قمر ذمان، منشا سکھیرا، رانا ثاقب منیر، فاروق گجر،نوید اطہر کیانی، شہباز صدیق، رانا کاشف ولائیت،طاہر بٹ، و دیگر ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے ممبران موجود تھے۔دریں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم مئی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ملک کی معاشی ترقی میں مزدور کا کلیدی کردار ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے والے مزدور اور ورکرز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام محنت کا درس دیتا ہے اور ہمارا مذہب مزدور کے وقارکا اعتراف کرتے ہوئے اس اللہ کا دوست قرار دیتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ صنعت کار کو چاہیے کہ وہ ملک میں مزدور کی خوشحالی میں اپنا کردار متحرک طریقے سے ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں