لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں، جلسے جلوسوں پر پابندی اور زبان بندی کرکے ریاست اپنی رِٹ قائم کرنا چاہتی ہے .
رِٹ کے نام پر ذاتی اجارہ داریوں کے قیام کو تسلیم نہیں کریں گے ، جماعت اسلامی نوجوانوں سے ملکر فرسودہ نظام کو پرامن مزاحمت کے ذریعے جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی ،گیارہ کروڑ عوام خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ، مسلط حکمران اشرافیہ تسلیم کرے کہ وہ نالائق اور ناکام ہے ، ملک نہیں چلا سکتی، اس نظام سے جان چھڑانا ہوگی، جماعت اسلامی کا اکیس، بائیس اور تئیس نومبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے عظیم الشان تاریخی اجتماع عام ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ بنو قابل کا ابتدائی ہدف ملک بھر میں دس لاکھ بچوں کو کورسز کروانے کا تھا ،تاہم اب تک اس پروگرام کیلئے گیارہ لاکھ بچوں نے رجسٹریشن کروا دی ، اب بیس لاکھ بچوں کو تربیت فراہم کریں گے ۔









