رضا ربانی 151

رضا ربانی کی نیب ترمیمی آرڈننس، الیکشن کمیشن ترمیمی ایکٹ کے اجرا کی مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چئیرمین سینیٹ رضا ربانی نے اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈننس اور الیکشن کمیشن ترمیمی ایکٹ کے اجرا ءکی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو نظرانداز کر کے آرڈننس کے اجرا سے کمزور پارلیمانی نظام مزید کمزور ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے نیب ترمیمی آرڈننس اور الیکشن کمیشن ترمیمی ایکٹ کی منظوری دی لیکن ان کے اجرا کی وجوہات نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ نیب آرڈننس سے ریمانڈ کی مدت چودہ دن سے بڑھاکر چالیس دن کرنامعقول نہیں، نیب افسران کی سزا کو 5 سال سے کم کرکے 2 سال کر دینا غیر منطقی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ریٹائرڈججز کی الیکشن ٹریبونل میں شمولیت آزاد عدلیہ کے لئے بڑا دھچکا ہے۔رضاربانی نے متنبہ کیا کہ گزشتہ ہفتے تک سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس ہو رہے تھے، پارلیمنٹ کو نظرانداز کر کے آرڈننس کے اجرا سے کمزور پارلیمانی نظام مزید کمزور ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں