فیصل کریم کنڈی 17

دہشتگردی کا خاتمہ، خیبر پختونخوا کی ترقی اور کرپشن کا سدباب ترجیحات ہیں،فیصل کریم کنڈی

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کا خاتمہ، ترقی اور کرپشن کا سدباب ترجیحات ہیں۔فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، انتظامی امور میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، امن و امان، عوامی مسائل کے حل اور گورننس کو مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد حالات اور ترجیحات تبدیل ہو چکی ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔انہوں نے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے اور خیبرپختونخوا کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین خیبرپختونخوا کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی کارکردگی محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اس کے نتائج عملی طور پر نظر آنے چاہئیں، تمام سرکاری محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری بھی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، اس لیے انہیں انتظامی امور کی انجام دہی میں شفافیت، جواب دہی اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔

انہوں نے آئندہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو مؤثر نگرانی اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ مہم کے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔، انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچوں کے لیے پشاور میں کیڈٹ کالج قائم کیا جا رہا ہے۔مزید برآں اجلاس میں صوبے کے انتظامی امور کو بہتر بنانے اور اصلاحات کے لیے تجاویز بھی زیرِ بحث آئیں، ڈویژنل سطح پر انتظامی امور کی بہتری کے حوالے سے کمشنرز نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں