سرفراز بگٹی 23

دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانیوالے دہشت گردوں کیخلاف بروقت کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی مظہر ہے، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں، یہاں جاری کردہ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مینا ز، بلیدہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی، بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاستی عزم غیر متزلزل رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں