امیر مقام 6

خیبر پختونخوا کو امن، ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرناحکومت کا فرض ہے، امیر مقام

سوات (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو امن، ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنا حکومت کا فرض ہے، پاکستان تحریک انصاف سے لوٹ مار کا حساب لیں گے۔ وہ ہفتہ کو پی ٹی آئی کی 14 سالہ نااہل حکومت کے خاتمے کی خوشی میں ضلع اپر سوات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے یوم نجات اور ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ضلعی ناظم اعلی سوات جمال ناصر خان نے اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کی قیادت اور بڑی تعداد میں کارکن بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے ناظم اعلیٰ اور ان کے ہزاروں ساتھیوں اور اہل خانہ کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوشخبری ہے، ہمارا اتحاد سوات اور پورے مالاکنڈ ڈویژن میں ترقی اور خوشحالی لائے گا۔ انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مسلم لیگ (ن)کے مفلر اور ٹوپیاں پیش کیں۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوات کے لوگ یوم نجات منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا تحفظ اور سلامتی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں، خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کر دیا ہے، صوبے کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ امن اور ترقی کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی سے لوٹ مار کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری اور امن لانے کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا۔ جلسے میں شریک عوام اور کارکنوں نے انجینئر امیر مقام، قائد مسلم لیگ (ن)میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر و پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے جبکہ امن، ملکی سلامتی اور استحکام کے حق میں بھی آوازیں بلند ہوتی رہیں۔ شرکانے اپنی قیادت سے بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔ جلسے کے دوران سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی مبینہ ناقص کارکردگی اور 14 سالہ دور اقتدار کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔ انجینئر امیر مقام کی قیادت میں منعقدہ اس عوامی اجتماع میں مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں