اسلام آباد ہائی کورٹ 39

خصوصی عدالتوں، ٹربیونلز اور لاء افسران کے جوڈیشل الاؤنسز کی ادائیگی روکنے کے احکامات معطل

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے خصوصی عدالتوں، ٹربیونلز اور لاء افسران کے جوڈیشل الاؤنسز کی ادائیگی روکنے کے احکامات معطل کرتے ہوئے وفاق اور وزارت خزانہ، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ملازمین کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔عدالت نے الاؤنسز روکنے کے اکاؤنٹنٹ جنرل آفس اور وزارت خزانہ کے احکامات معطل کر دیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ 5 اور 15 ستمبر 2025ء کے آرڈرز کے خطوط معطل کیے جاتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق اور وزارت خزانہ، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے دو ہفتوں میں پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق وزارت خزانہ اور اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے ملازمین کے الاؤنسز روک دیے ہیں۔ وکیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے ملتان اور بہاولپور بینچز نے احکامات پہلے ہی معطل کر رکھے ہیں۔کیس کی آئندہ سماعت 9 فروری کو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں