اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں جکڑا ہوا ہے اور حکومت کو مکمل آزادی حاصل نہیں، حکومت پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ بجٹ عوام دوست آئے۔ایک بیان میں حنیف عباسی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو اعتماد میں لے کر اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے ساتھ تھرکول کا ایک منصوبہ موجود ہے جس پر کام کیا جائے گا، پاکستان ریلوے نئی ٹرینیں آٹ سورس کرنے جا رہی ہے۔وفاقی وزیرِ ریلوے کے مطابق لاہور سے پشاور تک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے عوام ایکسپریس ایک بہترین سہولت ہو گی جبکہ اسلام آباد کے مسافروں کے لیے پریمیئم ٹرین گرین لائن دستیاب ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی بھی کوشش ہے کہ ریلوے ٹریک کو اپ لفٹ کیا جائے تاکہ سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔









