محمد جاوید قصوری 24

حکومت کی سولر پالیسی،عوام دشمن، مسترد کرتے ہیں’ جماعت اسلامی پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے حکومت کی نئی سولر پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام دشمن قرار دیا ہے،موجودہ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں اور شاہانہ اخراجات کو برقرار رکھنے کے لیے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہر طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سولر پالیسی میں تبدیلی دراصل ان صارفین کو سزا دینے کے مترادف ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت متبادل توانائی کے ذرائع اختیار کر رہے تھے۔ حکومت نے نہ صرف بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا بلکہ اب سولر صارفین کے لیے بھی مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی بڑے سرمایہ داروں اور مافیاز کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنائی گئی ہے جبکہ عام آدمی کو مزید بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر تک لائی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

مہنگے پٹرول نے ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعت سمیت تمام شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسان، مزدور، تاجر، سرکاری ملازمین اور نجی شعبے سے وابستہ افراد سب ہی پریشان ہیں اور حکومتی پالیسیوں سے سخت نالاں ہیں۔

اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام کا حکومت پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے، عوام کو ریلیف فراہم کرے اور توانائی کے شعبے میں شفاف اور عوام دوست فیصلے کرے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی صورت ظالمانہ پالیسیوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں