بلاول بھٹو زرداری 39

جہاں سچائی قدغنوں سے محفوظ ہوتی ہے وہ معاشرے فروغ پاتے ہیں ‘ بلاول بھٹو

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزادیِ صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں اور میڈیا پرسنز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں قومی تاریخ میں سچ اور جمہوریت کے ثابت قدم نگہبان قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ صحافت کی آزادی نہ صرف جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے بلکہ امن، معاشی بحالی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد بھی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ جہاں سچائی قدغنوں سے محفوظ ہوتی ہے وہ معاشرے فروغ پاتے ہیں اور جہاں اسے دبایا جاتا ہے وہاں امید ماند پڑنے لگتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں، میڈیا اداروں اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ معلومات کی ساکھ کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں اور گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہیں اور جمہوری مکالمے کو مسخ کر دیتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت کی آزادی کو سچ، درستگی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے جڑا رہنا چاہیے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت طویل عرصے سے تعصب پر مبنی منفی پروپیگنڈے اور میڈیا ٹرائلز کا سامنا کرتی رہی ہے، جن کا مقصد عوام کے ساتھ اس کے مضبوط تعلق کو کمزور کرنا تھا، مگر ایسے تمام حربے ہمیشہ ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ اِن تمام حالات کے باوجود پیپلز پارٹی صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کی غیر متزلزل حامی رہے گی۔ انہوں بے اس بات پر بھی زور دیا کہ فیک نیوز کا مقابلہ دبا سے نہیں بلکہ شفافیت، ذمہ دار صحافت اور سچ کی مضبوط روایات سے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم ان لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جو سچ کے لیے اپنی آواز کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور اس عزم کی تجدید کریں کہ ہم ایسا معاشرہ تعمیر کریں گے جہاں حقائق سے خوفزدہ نہ ہوا جائے اور جہاں آزاد صحافت ایک زیادہ منصفانہ، باخبر اور پرامن مستقبل کی راہ روشن کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں