منعم ظفر خان 51

جھنڈے نہیں ،نظام بدلنے سے قوم کی تقدیر بدلے گی’ منعم ظفر خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بدل دو نظام کے سلوگن کے تحت مینار پاکستان کا اجتماع عام تاریخ رقم کرے گاجس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن انجمن غلامان امریکا سے نجات سمیت ملکی ترقی عوامی خوشحالی کا ایجنڈا پیش کریں گے، جھنڈے اور چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ نظام بدلنے سے ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت فرنٹئیرکالونی سیوڑھی بابا روڈ پر منعقدہ” بدل دو نظام ممبرز کنونشن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی محمد اسحاق خان ، امیر ضلع سائٹ غربی ڈاکٹر نورالحق ، قیم ضلع راشد خان ، نائب امیر ضلع نذرمحمد برکی ،ناظم علاقہ فرنٹئیر عطاالرحمن و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کے مکمل نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے،یہ اجتماع امت مسلمہ میں دینی وفکری بیداری اور اجتماعی نظم و ضبط کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے.

اجتماع عام اسلامیان پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے ، اس اجتماع میں کارکنان کی ازسر نو صف بندی کے ساتھ ساتھ انقلاب کی راہ پر گامزن لاکھوں کارکنان ایک اور سنگ میل عبور کریں گے۔ نئے حوصلے نئے عزم کے ساتھ بدی کی قوتوں کے مقابلے میں صف بستہ ہوں گے۔ یہ اجتماع محض ایک سیاسی یا تنظیمی اجتماع نہیں بلکہ امت مسلمہ کی بیداری ، شعور اور مزاحمتی فکر کا مظہر ہے ،یہ اجتماع پاکستان میں عدل و انصاف کے قیام امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کے مظلوموں کے لیے بیداری و مزاحمت کی نئی لہر کا نقطہ آغاز بنے گا۔

اور قرآن و سنت کی روشنی میں پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ نائب امیر کراچی محمد اسحاق خان نے کہا کہ تمام ذمے داران اجتماع عام میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت یقینی بنائیں یہ اجتما ع مظلوم عوام کی آواز اور ظالموں کے خلاف اعلان جہاد ہے ۔

اجتماع میں کراچی کی حاضری کو مثالی بنانے کے لیے سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی ۔ امیر ضلع ڈاکٹر نورا لحق نے کہا کہ ضلع سائٹ غربی سے بہت بڑا قافلہ اجتماع عام میں شرکت کے لیے تیار ہے ، کارکنان گھر گھر دعوت پہنچانے میں مصروف ہیں اور ضلع بھر میں دعوتی کیمپ لگائے جا چکے ہیں جہاں سے اجتماع عام میں شرکت کی دعوت کا سلسلہ جاری ہے ۔ قبل ازیں کنونشن آمد پرمعززین علاقہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا شاندار استقبال کیااور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں