لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسرآف پلمونالوجی ڈاکٹر عرفان ملک نے رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنزگلاسکو سے “ایف آر سی پی” کر لی ا۔اس سلسلے میں انہیں باقاعدہ ڈگری جاری کر دی گئی۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹر عرفان ملک کو اس کامیابی پر مبارکباددیتے ہوئے ان کے لئے مستقبل میں میڈیکل کی تعلیم و تحقیق کے میدان میں مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عرفان ملک نے کورونا وباء کے دوران ایل جی ایچ میں آنے والے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ اور ان کی رہنمائی کیلئے انتہائی پیشہ وارانہ لگن اورذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کئے جس پر ہم سب انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر عبدالعزیزودیگر ڈاکٹر زبھی موجود تھے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ڈاکٹر عرفان ملک حقیقی معنوں میں فیلو شپ کے اس بڑے اعزاز کے مستحق تھے جو انہوں نے انتھک محنت کے بعد حاصل کیا ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ نوجوان ڈاکٹرز کو ہمیشہ اعلی تعلیم کے حصول اور ریسرچ ورک میں جدوجہد جاری رکھنا چاہیے کیونکہ علم کی تشنگی کبھی ختم نہیں ہوتی۔ انسان ہمیشہ طالب علم ہی رہتا ہے اور ہر نئے آنے والے دن سے نئی بات سیکھنے کو ملتی ہے اور یہ سلسلہ مہد سے لیکر لحد تک جاری رہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے نوجوان ڈاکٹرز کو جدید ٹیکنالوجی پر بھی عبور حاصل کرنا چاہیے تا کہ وہ ہر قسم کے چیلنجز سے باآسانی نمٹ سکیں۔مزید برآں پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر عرفان ملک کے لئے تہنیتی خط کا بھی اجراء کیا ہے جو انہیں مزید میڈیکل کی اعلی تعلیم میں ممد و معاون ثابت ہو گا۔