20

جنرل ہسپتال: نوجوان ڈاکٹرز کیلئے ای سی جی کی تشخیصی مہارتوں پر خصوصی ورکشاپ کا انعقاد

لاہور 01اگست(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے جنرل ہسپتال کے میڈیکل یونٹ تھری میں “ایکیوٹ میڈیسن اور آئی سی یو میں ای سی جی کی تشخیص” کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امراض قلب کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ینگ ڈاکٹرز کی جدید خطوط پر تربیت وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے تاکہ ایمرجنسی اور آئی سی یو میں مریض کی فوری و درست تشخیص کر کے بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے کیونکہ ہنگامی حالت میں درست فیصلہ ہی مریض کی جان بچانے کی اصلی کنجی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید طبی تحقیق نے علاج کو آسان ضرور بنایا لیکن حتمی نتائج کا تمام تر انحصار معالجین کی پیشہ ورانہ مہارت پر منحصر رہتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر خرم سلیم نے بین الاقوامی رہنما اصولوں کے مطابق شرکاء کو ایکیوٹ کورونری سنڈروم، جان لیوا اریتھمیا، الیکٹرولائٹ کے عدم توازن اور آئی سی یو مریضوں میں کارڈیئک تبدیلیوں کی فوری شناخت اور ای سی جی کی درست تشریح کی عملی تربیت فراہم کی جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر محمد مقصود کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی اور آئی سی یو میں تعینات معالجین کے لیے ای سی جی پر مکمل عبور حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ ہنگامی حالات میں ہر لمحہ مریض کی حیات سے جڑا ہوتا ہے۔

اس موقع پر پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز، ینگ ڈاکٹرز اور میڈیکل طلبہ سمیت ڈاکٹر عمر اعجاز، ڈاکٹر صابرہ شریف، ڈاکٹر قرۃ العین اور ڈاکٹر لائق الرحمان نے شرکت کی جہاں معالجین کو کلینیکل کیسز اور نمونہ ای سی جی رپورٹس کی مدد سے تشخیصی مہارت اور علاج کے فوری فیصلوں کی عملی مشق کروائی گئی اور اختتام پر منتظمین نے ماہرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں