لاہور19 جون(زاہد انجم سے)موسم کی غیر معمولی شدت اور شہر میں جاری ہیٹ ویو کے پیش نظر جنرل ہسپتال میں چھوٹے بچوں کو نمکیات کی کمی سے محفوظ رکھنے کیلئے پیڈز ایمرجنسی میں روزانہ نمکول ملے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جس سے بچوں کی جلد شفاء یابی ممکن ہو گی۔ ماہر امراض بچگانہ پروفیسر فریاد حسین اور ڈاکٹر انعم بتول نے کہا کہ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل کی ہدایت پر بچوں میں نمکیات کی کمی کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے وارڈز میں نمکول (اورل ڈی ہائیڈریشن سالٹ) کا انتظام کر دیا گیا ہے،جو پیڈز ایمرجنسی میں 24گھنٹے دستیاب ہو گا۔ یہ اقدام خاص طور پر چھوٹے بچوں کو پانی اور نمکیات کی کمی سے فوری محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ والدین نے اس سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ نمکول والا پانی پیڈز ایمرجنسی میں ہر شفٹ میں تیار کیا جاتا ہے اور اُن بچوں کو دیا جاتا ہے جنہیں پانی کی کمی، دست یا اسہال کی شکایت ہو۔ اس سے بچوں کی صحت یابی جلدی ہوتی ہے اور وہ نمکیات کی کمی کا شکار بھی نہیں ہوتے ہیں۔اس حوالے سے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں مریض بچوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریضوں کے لیے تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ہسپتال انتظامیہ دن رات مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔