لاہور(زاہد انجم سے)میڈیکل سپرٹینڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم نے نجی صفائی کمپنی (جینیٹوریل سروسز) کی کارکردگی پر عدم اطمینان اور معاہدے پر پورا نہ اترنے کا سخت نوٹس لے لیا اور متعلقہ ٹھیکیدار کو 2دن کی مہلت دیتے ہوئے واضح کیا کہ بصورت دیگر ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے گا۔
ایم ایس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں لواحقین اور سٹاف کو ہمہ وقت صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی غرض سے نجی صفائی کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں مگر ٹھیکیدار ہسپتال میں صفائی کا معیار بہتر بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتا اور طے شدہ شرائط کے مطابق صفائی کیلئے ورکرز بھی پوری تعداد میں مہیا کرنے میں ناکام دکھائی دیا۔ڈاکٹر خالد بن اسلم کا کہناتھا کہ اگر مذکورہ کمپنی نے 48گھنٹوں میں معاہدے پر عمل نہ کیا تو ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے گا۔