حلیم عادل شیخ 125

جعلی نمائندے مسلط ہونے سے ملک شدید بحران کا شکار ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پورے رمضان میں کراچی کے مختلف علاقوں میں “رمضان دسترخوان میزبان عمران خان” کے نام سے افطار پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز لیاقت آباد ٹان میں بھی ایک بڑے افطار کا اہتمام کیا گیا، جہاں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، کراچی کے صدر راجا اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے عام شہریوں کے ساتھ روزہ افطار کیا۔افطار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو 600دن سے ناحق جیل میں رکھا گیا ہے.

جہاں انہیں مختلف اذیتیں دی جا رہی ہیں۔ لیکن عمران خان نے ملک و قوم کی خاطر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی ڈیل کر کے باہر آئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا واضح مقف ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، اصل جمہوریت بحال ہونی چاہیے اور عوام کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے اور ملک میں حقیقی آزادی قائم ہو۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اس وقت پاکستان سنگین بحران سے گزر رہا ہے، کیونکہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر جعلی نمائندے مسلط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی اپنے عروج پر ہے، عوام میں خوف و ہراس پھیلا دیا گیا ہے، آئین و قانون کی بالادستی ختم کر دی گئی ہے، اور عدلیہ و میڈیا کی آزادی پر قدغن لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والے شہریوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا ورکرز کو اغوا کیا جارہا ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا واحد حل عوام کے حقیقی نمائندوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے چوروں اور لٹیروں کو اقتدار دیا گیا، جس کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی مسلسل پامالی ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام کے دلوں میں نفرت بڑھتی جا رہی ہے، اور اگر یہ لاوا پھٹ گیا تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد پی ٹی آئی ایک بھرپور عوامی تحریک چلائے گی، جو فسطائی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کی رہائی کے لیے ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں