فرخ حبیب

جب حکومت ملی معیشت کمزور، ملک میں ٹیکسٹائل شعبے کو قبرستان بنا دیا گیا تھا، فرخ حبیب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی شرح نمو 4 فیصد پر جا رہی ہے ، جب حکومت ملی تو چین یا امریکہ جیسی تگڑی ہمارے ملک کی معیشت نہیں تھی، ہم نے ٹیکسٹائل پالیسی بنائی جس کی وجہ سے انڈسٹری نے کام شروع کیا، اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل حالات میں ملک کا ساتھ دیا ہے،حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے چیلنج کو قبول کیا، ملک میں ٹیکسٹائل شعبے کو قبرستان بنا دیا گیا تھا، ماضی میں اوورسیز پاکستانی ضرورت کے علاوہ پیسے نہیں بھیج رہے تھے، کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ریکارڈ مہنگائی میں اضافہ ہوا، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسانوں کو کوئی پوچھ رہا ہے اور کسان وزیر اعظم سے ملنے وزیر اعظم ہاﺅس جا رہے ہیں۔

پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے امریکہ ‘ جرمنی یا چین جیسی تگڑی معیشت نہیں ملی تھی جب حکومت ملی ملک کے پاس پندرہ دن کے وسائل باقی تھے۔ سنگین حالات کے باوجود عمران خان نے چیلنج قبول کیا۔ کوووڈ صورتحال کی وجہ سے دنیا کی معیشتیں تباہ ہورہی ہیں۔ پاکستان کرونا کے باوجود پاکستان کی معیشت چار فیصد شرح نمو کے ساتھ ترقی کررہی ہے۔ سابق حکومت نے ٹیکسٹائل صنعت کو اس کے قبرستان میں تبدیل کردیا تھا۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ٹیکسٹائل صنعت ترقی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 2018میں چوبیس ارب ڈالر پر ایکسپورٹ چھوڑی ہم 25.3ارب تک ایسکپورٹ لے کر گئے۔ آئی ٹی ایکسپورٹ دو ارب ڈالر ہے اس کو مزید بڑھائیں گے۔ ترسیلات زر بڑھ رہے ہیں 2021ءمیں ترسیلات زد 19ارب ڈالر تک ہوں گے۔

اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ان کو حکمران پر اعتماد ہے۔ انہوںنے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت پانچ لاکھ روپے تک قرض دیا جارہا ہے۔ گھر بنانے کے لئے بیس لاکھ روپے تک بلا سود قرضے دیئے جارہے ہیں کم آمدن ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت سو ارب روپے سے زائد قرض کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں سے 38ارب روپے کے قرضے دیئے جاچکے ہیں اس سے غریب کو اپنی چھت حاصل ہوگی اور کرائے سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سب کو ہیلتھ کارڈ دیا ۔ پنجاب کے لوگوںکو بھی ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں زراعت اصلاحات لا کر زراعت کو ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے امریکہ کو سی وی دی تھی کہ وزیراعظم بنا دیں آپ کا تابعدار رہوں گا۔ پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں۔