سرفراز بگٹی 17

جامعات کو محض بھرتیوں کی فیکٹری بنانے کی بجائے علم، تحقیق و جدت کے حقیقی مراکز میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت یونیورسٹی آف مکران پنجگور کیمپس کی کارکردگی، درپیش مسائل اور مستقبل کے اقدامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں جامعہ کی مجموعی صورتحال، انتظامی و تدریسی امور اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا اجلاس میں جامعہ آف مکران میں تدریسی و ضروری انتظامی اسٹاف کی بھرتی کے لیے سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا.

کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ ادارے کی حقیقی ضروریات کا جامع جائزہ لے کر اسٹاف کے تعین، بھرتیوں، وسائل کی فراہمی اور مجموعی ادارہ جاتی بہتری سے متعلق ٹھوس اور قابلِ عمل سفارشات پیش کرے وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر واضح ہدایت دی کہ غیر ضروری بھرتیوں سے ہر صورت اجتناب کیا جائے اور تمام تر توجہ معیاری تعلیم کے فروغ پر مرکوز رکھی جائے انہوں نے کہا کہ جامعات کو محض بھرتیوں کی فیکٹری بنانے کے بجائے علم، تحقیق اور جدت کے حقیقی مراکز میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے .

انہوں نے مصنوعی ذہانت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقامی زبانوں میں مؤثر چیٹ بوٹس اور جدید ڈیجیٹل حل تیار کیے جائیں تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جا سکے وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جامعات کے وسائل کو طلبہ کے داخلوں اور ادارہ جاتی کارکردگی سے مشروط کیا جائے تاکہ اداروں میں بہتری اور مقابلے کا رجحان فروغ پائے میر سرفراز بگٹی نے تعلیمی اداروں میں میرٹ، شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے پنجگور کیمپس کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سہولیات کی بہتری کی بھی ہدایت کی وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مقامی طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے جامعات میں تحقیق کو صنعت اور مقامی معیشت سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جائیں.

تاکہ تحقیق کے ثمرات براہ راست معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں اجلاس میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے خصوصی پروگرامز متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تدریسی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن صالح بلوچ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر سعادت بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں