چوہدری محمدسرور 155

تاریخ میں بڑے عہدوں والے نہیں انسانیت کی خدمت کر نیوالے ہی زندہ رہتے ہیں’محمد سرور

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تاریخ میں بڑے عہدوں والے نہیں انسانیت کی خدمت کر نیوالے ہی زندہ رہتے ہیں،بے سہارا اور سپیشل افراد کی مدد اور انکو معاشرے میں بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے کام کر نیوالے قوم کے ہیروز ہیں،مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر انسانیت کی خدمت کے لیے کام کر نا چاہیے ،ہم نے پہلے کبھی غر یب عوام کو تنہا چھوڑا نہ ہی آئندہ چھوڑیں گے بلکہ ہر محاذپر انکے ساتھ کھڑا ہوں گے ۔

وہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں فائونٹین ہائوس کے قیام کے 101سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر چیئر مین اخوت فائونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں مخیر حضرات جس جوش اور جذبے کیساتھ کام کرتے ہیں دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی کورونا اور سیلاب سمیت جب بھی پاکستانی عوام پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو مخیر حضرات سب سے آگے بڑھ کر غر یب عوام کی خدمت کرتے ہیں کورونا کے دوران بھی مخیر حضرات نے کسی کو بھو کا نہیں سونے دیا اور اس جذبے کی جتنی بھی تعر یف کی جائے وہ کم ہے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مجھے بھی انسانیت کی خدمت کر کے جتنا سکون ملتا ہے اس کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتامیں پاکستان میں سیاست میں آنے سے پہلے ہی یہاں پر انسانیت کی خدمت کے لیے کام کر رہاہوں سرور فائونڈیشن کے تحت ہمارے 2ہسپتال چل رہے ہیں جہاں عوام کو اعلی میعار کی طبی سہولتیں دی جا رہی ہے اور سرور فائونڈیشن کا ایک سکول بھی غر یبوں کے بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کر رہا ہے اور الحمد للہ آج سرور فائونڈیشن پاکستان میں غر یب عوام کو مفت پینے کا صاف پانی فراہم کرنیوالی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے ۔ سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں جب ایمانداری اور نیک نیتی سے کام کیا جائے تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو کامیاب ہونے سے نہیں روک سکتی پاکستان میں آج ضرورت اس بات کی ہے جو جہاں بھی کام کر رہا ہے وہ ایمانداری سے اپنا کام کر ے اور ملک وقوم کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کر ے تاکہ پاکستان مزید کامیابیوں سے آگے بڑھ سکے ۔

چیئر مین اخوت فائونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ دنیا بھر میں پچاس کروڑ سے زائد افراد کسی نہ کسی ذہنی عارضے میں مبتلا ہیں ڈپریشن جیسی بیماریوں کا شکار ہیں دنیا میں ہر چار میں سے ایک شخص کو کسی حد تک ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے جسکے لیے کام کر نے کی ضرورت ہے حکومت جتنا کام کر رہی ہے وہ اپنی جگہ ہے فائونٹین ہائوس کو اب پنجاب کے مزید شہروں میں لیکر جا رہے ہیں جسکے لیے ہمیں مخیر حضرات کے تعاون کی ضرورت ہے رمضان المبارک کے مقد س مہینے میں مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر اس نیک میں حصہ لینا چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں