اشرف بھٹی 11

تاجروں ،سرکاری محکموں کے درمیان رابطوں کیلئے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں’ اشرف بھٹی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں اور مختلف سرکاری محکموں کے درمیان موثررابطوں کیلئے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں تاکہ کاروباری برادری کے مسائل بروقت حل اور غیر ضروری مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پیرا فورس اور دیگر محکموں کی جانب سے کارروائیوں سے قبل متعلقہ مارکیٹوں کے عہدیداران کو اعتماد میں لیا جائے اور انہیں اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، بھاری ٹیکسز ادا کرنے کے ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بھی ہیں،تاجر برادری ملکی معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور حکومتی محصولات میں اضافے کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں اور تاجر تنظیموں کے درمیان رابطوں کا موثر نظام قائم ہونے سے غلط فہمیاں دور اور مسائل کا حل آسان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں میں کارروائیوں کے دوران قانون اور ضابطے کی پابندی کے ساتھ تاجروں کے کاروباری مفادات کا بھی خیال رکھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں