اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کی فیصلہ سازی میں تاخیر سے عدالتی بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے، عوام کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، بیوروکریسی اپنی ذ مہ داریاں ایمانداری، شفافیت اور قانون کے مطابق ادا کرے،
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سپریم کورٹ میں نیشنل مینجمنٹ کورس کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد نے ڈاکٹر اعجاز منیر کی سربراہی میںان سے ملاقات کی،چیف جسٹس نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیوروکریسی کا کام پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے عوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے، بنیادی حقوق کی فراہمی سے ہی عوام اور بیوروکریسی میں فاصلہ کم ہوگا، اچھے افسران کے بغیر گڈگورننس کا قیام ناممکن ہے