نرسنگ ڈگری

بی ایس سی نرسنگ ڈگری کے اجراء سے پاکستان میں نرسز کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے

لاہور(زاہد انجم سے)بی ایس سی نرسنگ ڈگری کے اجراء سے پاکستان میں بلا شبہ اس شعبے کے لئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں اور نرسنگ کا شعبہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ مزید با وقار اور مستحکم ہو رہا ہے جس کے باعث ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ نرسز اب ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ مریضوں کے علاج معالجے اور اُن کی نگہداشت میں اپنے فرائض بہتر طور پر سر انجام دے رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے نرسنگ کالج اے ایم سی،لاہور جنرل ہسپتال کے فرسٹ پروفیشنل میں شاندار کامیابی پر طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایل جی ایچ نرسنگ کالج کا رزلٹ 96 فیصد رہا جبکہ ٹیچر عاصمہ عابد کی خصوصی محنت کی بدولت 98 میں سے55طالبات نے مائکرو بیالوجی سبجیکٹ میں امتیازی نمبرز(Distinction Numbers) حاصل کئے ہیں۔ پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ نرسنگ طالبات نے شاندار نمبر حاصل کر کے مادر علمی کا نام روشن کیا ہے جس پر ان طالبات کے علاوہ ان کی تمام اساتذہ اور فیکلٹی بلا شبہ مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے پرنسپل رمضان بی بی، وائس پرنسپل صابرہ سعد،نرسنگ انسٹرکٹرز ثمر ناز کنول،شہناز ڈار،عذرا پروین،عاصمہ عابد،ثوبیہ لطیف،نسرین کوثر،عذرا یعقوب اور رمضانہ ود یگر کی تعریف کی۔

پرنسپل پروفیسرالفرید ظفر نے مزید کہا کہ نرسنگ سے وابستہ ٹیچرز اپنی طالبات کی صلاحیتیں نکھارنے، تعلیم و تربیت،موسمی و متعدی امراض بارے آگاہی اورڈسپلن سے متعلق کلیدی کردار ادا کرتی ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیکل پروفیشن سے وابستہ تمام خواتین و حضرات اپنے علم و تجربے میں مسلسل اضافہ کے لئے سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں تاکہ وہ دور حاضر میں طبی میدان میں ہونے والی انقلابی تبدیلیوں و ترقی سے با خبر رہ سکیں جس کا براہ راست فائدہ نہ صرف میڈیکل و نرسنگ کالج کے طلبا وطالبات کو ہوگا بلکہ اس کے نتیجے میں مریضوں کے علاج میں بہتری آئے گی۔ پروفیسر الفرید ظفرنے نرسنگ طالبات پر زور دیا کہ وہ کامیابی کے اپنے اس تسلسل کو بر قرار رکھنے کے لئے مزید محنت سے تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ دیں تاکہ مستقبل میں بھی شاندار کامیابیاں ان کے قدم چومیں۔

اس موقع پر رمضان بی بی کا کہنا تھا کہ نرسنگ کالج سے ڈگری حاصل کرنے کے لئے ایف ایس سی(پری- میڈیکل) والی طالبات داخل ہوتی ہیں اور ڈگری مکمل کرنے پر گریڈ 16میں ملازمت کاآغاز کرتی ہیں جس سے اُن کو اپنے کیرئیر کو بہتر بنانے میں مدد حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ مریضوں و لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا کریں اور اعلیٰ تعلیم کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دینا۔