راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن) کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ فرار دہشتگردوں کی تلاش کےلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسزبلوچستان کے امن کے دشمنوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفاتح شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک منظر عباس شہید کا تعلق خوشاب اور شہید سپاہی عبد الفاتح کا تعلق خضدار سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فرار دہشتگردوں کی تلاش کےلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسزبلوچستان کے امن کے دشمنوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔