سندھ ہائیکورٹ 48

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سندھ ہائی کورٹ میں چڑیا گھر کی مادہ ریچھ رانو کی قدرتی ماحول میں منتقلی کے حوالے سے نظر ثانی کی درخواست دائر کردی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سندھ ہائی کورٹ میں چڑیا گھر کی مادہ ریچھ رانو کی قدرتی ماحول میں منتقلی کے حوالے سے نظر ثانی کی درخواست دائر کردی ہے ۔کراچی میں چڑیا گھر کی مادہ ریچھ رانو کی قدرتی ماحول میں منتقلی کے حوالے سے معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے۔بیرسٹر اسد احمد کے مطابق، آئین کے آرٹیکل 199(1A) کے تحت عدالت کو اختیار نہیں کہ وہ از خود ہدایات جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ ریگیولر بینچ کے روبرو جو درخواست دائر کی گئی تھی اس پر عملدرآمد ہوچکا ہے اور درخواست غیر مثر ہوچکی ہے، لہذا اسے نمٹا دیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رانو کو پہلے ہی اسلام آباد وائلڈ لائف سینچری منتقل کیا جاچکا ہے اور ریگولر بینچ کی جانب سے کمیٹی تشکیل دینے کے حکم کو معطل کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ صرف رانو ہی نہیں بلکہ چڑیا گھر کے دیگر جانوروں کی زندگی اور فلاح کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ درخواست میں ترمیم منظور کی جائے تاکہ معاملے پر مزید سماعت کی جا سکے۔ درخواست گزار جیوڈ ایلن پریرا نے بھی اپنی پٹیشن میں ترمیم کی درخواست دی ہے۔عدالت نے دونوں فریقین کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے اور آئینی بینچ نے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ یہ معاملہ چڑیا گھر کے جانوروں کی فلاح و بہبود اور انتظامیہ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے اہم نوعیت کا ہے، جس پر عوام اور ماہرین حیوانات کی بھی توجہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں