کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
بلاول ہائوس سے جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشم میں دہشتگردوں کے خلاف موثر آپریشن نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر توصیف احمد بھٹی سمیت 5 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر توصیف احمد بھٹی اور دیگر شہدا نے وطن کے امن، سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں، جبکہ دہشتگرد خوف اور خونریزی تو پھیلا سکتے ہیں، مگر ایک متحد قوم کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکتے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم انسانیت، جمہوریت اور امن کے تحفظ کے لیے متحد ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









