بلاول بھٹو زرداری 9

بلاول بھٹو کا عبدالعلیم خان سے رابطہ، گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کی دعوت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی، گلگت بلتستان میں حکومت سازی اور مختلف آئینی عہدوں کے انتخاب سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ، سپیکر اور دیگر اہم عہدوں کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت کی درخواست کی، جسے عبدالعلیم خان نے قبول کر لیا۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ، سپیکر اور دیگر آئینی عہدوں کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی اور امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے کردار ادا کرے گی۔

عبدالعلیم خان نے گفتگو کو خوشگوار اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون سے گلگت بلتستان میں مضبوط اور مستحکم حکومت کے قیام میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں