کراچی / اسلام آباد/ لاہور/ اسکردو(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی پر خطے کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک روشن اور یادگار دن ہے، جو عوام کی بہادری، قربانیوں اور آزادی کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تاریخی جدوجہد اور قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنی منفرد ثقافت، شاندار روایات اور قدرتی حسن کے باعث پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام نے اسے سب سے بڑی جماعت کے طور پر منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں قائم اتحادی حکومت عوامی اعتماد کو خدمت، ترقی اور خوشحالی کے عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو جمہوری، آئینی اور بنیادی حقوق کی فراہمی، بااختیار بنانے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع، بہتر صحت کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔









