بلاول بھٹو زرداری 10

بلاول بھٹو زرداری کا دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان۔افغانستان سرحد کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشنز قومی سلامتی اور امن کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے کامیاب آپریشن میں 29 دہشت گردوں کے خاتمے کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، بروقت حکمت عملی اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کو موثر جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے اہلکار قوم کا فخر ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے نہ صرف دہشت گردوں بلکہ ان کے سہولت کاروں کو بھی کاری ضرب لگائی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد اور ان کے سرپرست پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے اور ملک کی خودمختاری، جمہوری اقدار اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور سیاسی و قومی حمایت جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں