بلاول بھٹو زرداری 23

بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں 11 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں 11 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔

کوئٹہ میں شعبہ صحت کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام دوست سیاست کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پسماندہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پوری دنیا اس مشکلات کا دوچار ہے، اِن مشکلات کی وجہ سے معاشی مشکلات پیدا ہورہی ہیں، ہرانسان کو کبھی نا کبھی علاج کی ضرورت پرٹی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مفت اور معیاری علاج ہر پاکستان کا حق ہے، پسماندہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، عوام تک صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج سرفرازبگٹی نے20منصوبوں کا افتتاح کرانا تھا، میں نے 11منصوبوں کا افتتاح کیا، عید کےبعد دوسرے منصوبوں کا افتتاح کروں گا، پاکستان پیپلز پارٹی نے صحت کے شعبہ کو ترجیح دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ عوام کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جائے، بلوچستان حکومت نے دو سالوں میں نا صرف منصوبے شروع کئے بلکہ مکمل بھی کئے ہیں، میں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کہا ہے مجھے بار بار کوئٹہ بلایا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایئرایمبولینس کی بلوچستان صوبہ کوبہت زیادہ ضرورت تھی جس کےذریعےمریضوں کی ہنگامی منتقلی یقینی بنائی جائےگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ٹراما سینٹر کوئٹہ میں دور دراز علاقوں سے ڈاکٹر آ کر عوام کی خدمت کررہے ہیں، ٹراما سینٹر 150 بیڈز پر مشتمل ٹراما سینٹر میں مفت اور معیاری علاج ہوگا، محکمہ صحت بلوچستان میں اصلاحاتی اقدامات پر بے حد خوش ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کےحوالے سے سندھ کی کارکردگی باقی صوبوں سے بہتر ہے، سندھ جیسے صحت کے منصوبے بلوچستان میں شروع کرنا چاہتا تھا، بہت خوش ہوں کہ یہاں بیسک ہیلتھ یونٹس کو آپریشنلائزڈ کیا گیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر نظام صحت کی بنیاد ہے، کوئٹہ ٹراما سینٹر150بیڈ پر مشتمل ہے، ٹراما سینٹر کے افتتاح پر بہت خوش ہوں، اس ہسپتال میں پیپر لیس نظام ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کی طرح بلوچستان میں بھی آئی سی وی ڈی شروع کریں گے، صوبے مل کرکام کریں یہ وفاق کی اصل شکل ہے، پولیو ویکسی نیشن مہم شہید محترمہ نے اپنے دورمیں شروع کی، پاکستان اور صوبے کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو کام کے ذریعے جواب دے رہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سب اچھا نہیں، بہت سی مشکلات کا بھی سامنا ہے، اگر اسی طرح محنت اور مل کر کام کریں گے تو کامیابی ہو گی، جو اپنے صوبے اور ملک کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے ان قوتوں کو شکست دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں