محمد جاوید قصوری 42

بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن، کاروبار تباہ کر دیئے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، بجلی اور گیس کی مسلسل بندش کے باعث شہری شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں جبکہ چھوٹے کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں،رہی سہی کسر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پوری کر دی ہے ،ڈیڑھ ماہ کے دوران حکومت نے عوام سے 180ارب روپے کی پٹرولیم لیوی وصول کئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفو د سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوام دوہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ایک طرف مہنگائی نے کمر توڑ رکھی ہے اور دوسری جانب توانائی بحران نے زندگی کا پہیہ جام کر دیا ہے۔ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں اور پروٹوکول کو برقرار رکھنے کے لیے عوام کے بنیادی حقوق تک سلب کر رہا ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔محمد جاوید قصوری نے آئی پی پیز،انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز، کے معاہدوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں کے ذریعے قومی خزانے کو بے دریغ نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور اس کی قیمت عام شہری ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر آئی پی پیز کے معاہدوں کا ازسرنو جائزہ لے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے محض زبانی جمع خرچ ثابت ہو رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر نیا اقدام عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ کرپشن اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور احتساب کا کوئی موثر نظام نظر نہیں آتا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لیے سنجیدہ اور دیرپا حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیح دے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دے تاکہ ملک کو اس بحران سے نکالا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو عوامی ردعمل میں شدت آ ئے گی۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں