بغداد(رپورٹنگ آن لائن) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں وزیراعظم علی فالح الزیدی سے ملاقات کی، جس میں ایران اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق باقر قالیباف بدھ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر بغداد پہنچے، عراقی وزیراعظم سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے امکانات اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔
عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے ایران اور عراق کے تاریخی، جغرافیائی اور مذہبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گہرے اور اہم ہیں۔الزیدی نے عراق کے خلاف داعش کی جنگ کے دوران ایران کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مشکل دور میں ایران کی مدد اہم رہی، انہوں نے عراق کی حمایت میں ایران کے مؤقف اور تعاون کی بھی تعریف کی۔
محمد باقر قالیباف نے ایران اور عراق کے تعلقات کو تاریخی اور ناگزیر قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے تسلسل اور نئے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے عراق کی حکومت کی جانب سے ایرانی زائرین کی میزبانی اور اربعین کے موقع پر فراہم کی جانے والی سہولیات کو بھی سراہا۔
خیال رہے کہ باقر قالیباف کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سکیورٹی اور سیاسی صورتحال میں تیزی سے تبدیلیاں جاری ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق دورے کا مقصد بغداد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔








